۲۰۱۶ ء میں شام کے بارے ایک خواب دیکھا تھا اور محسوس ہوتا تھا کہ اس کی کوئی حقیقت ہے لیکن تعبیر سمجھ نہ آتی تھی۔ پھر ۲۰۱۸ء میں کچھ حالات ایسے بنے کہ یوں محسوس ہوا کہ اس کی تعبیر واضح ہو جائے لیکن نہیں واضح ہوئی۔ ابھی پچھلے ایک دو ہفتوں میں اس خواب کی تعبیر خوب روشن ہو کر سامنے آ گئی ہے۔ خواب ملحق امیجز میں موجود ہے۔
خواب میں روس اور امریکہ دونوں کی شکست کی طرف اشارہ تھا۔ روس کی شام میں شکست اور امریکہ کی افغانستان میں۔ روس کی شکست اس کے میدان جنگ سے غائب ہونے کی صورت میں تھی جبکہ امریکہ کی مرد بیمار ہونے کی صورت میں۔ بظاہر یہی محسوس ہوتا ہے کہ خواب میں دمشق نہیں بلکہ ادلب کی فتح مراد ہے۔ امریکہ کا سلفی عالم دین کی صورت نظر آنا دراصل امریکی سعودی اتحاد کی طرف اشارہ ہے کہ امریکہ افغانستان میں اور سعودی عرب یمن اور شام میں مرد بیمار کی طرح ہو جائے گا۔ اور پوپ کہ جسے پیوٹن ڈرا رہا ہے، ترکی اور اس کے اتحادی ناٹو فورسز ہیں۔ ابھی ترکی نے امریکہ سے پیٹریاٹ میزائل مانگ لیے ہیں۔ واللہ اعلم بالصواب
واضح رہے کہ ترکی نے شام میں اپنے حالیہ آپریشن میں بشار الاسد کے ایس ۳۰۰ سمیت ۳ ائیرڈیفنس سسٹم، دو روسی ساختہ سخوئی ۲۴، دو ہزار سے زائد بشاری فوجی، ۳۱ ٹینک، ۵ ہیلی کاپٹر، ۱۰ آرمرڈ گاڑیاں، ۲۸ ہاؤٹزر، ۲۵ فوجی گاڑیاں، ۴ ایمونیشن ٹینکس، ایک کمانڈ سینٹر، ایک ایس اے ۱۷ اور ایک ایس اے ۲۲ ائیر ڈیفنس سسٹم تباہ کر دیے ہیں۔ ترکی اس وقت بشار الاسد کی حکومت ختم کرنے کے موڈ میں لگ رہا ہے۔ دوسری طرف افغانستان میں چالیس سالہ جنگ کے نتیجے میں اگرچہ افغان قوم کا بہت نقصان ہوا، جانی بھی اور مالی بھی، اور اس سے انکار ممکن نہیں ہے۔ لیکن بہر حال ایک اعتبار سے اسے طالبان کی فتح قرار دیا جا سکتا ہے کہ امریکہ بھی اپنی ان جنگوں کی وجہ سے اس وقت معاشی اعتبار سے روس کی طرح مرد بیمار بن چکا ہے۔ اور افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے پیچھے ٹرمپ کے فیصلے میں یہی بنیادی وجہ کار فرما ہے کہ امریکہ معاشی اعتبار سے مزید جنگوں کا متحمل نہیں ہے۔
نوٹ: بھئی یہ تو عالمی حالات کے بارے خواب تھا جو پانچ سال بعد پورا ہوا۔ ایک خواب ہم نے عمران خان صاحب کے بارے بھی دیکھا تھا کہ راقم الحروف کو مانسہرہ میں دس مرلے کا پلاٹ دے رہے ہیں۔ کبھی کبھی ہمیں بھی سچے خواب آ جاتے ہیں۔ لیکن وہ خواب ۲۰۱۹ء کا ہے، لگتا ہے تعبیر کے لیے پانچ سال انتظار کرنا پڑے گا۔ زیادہ سنجیدہ نہیں ہونا۔ پچھلی مرتبہ بھی کچھ دوست اس خواب پر بہت سنجیدہ ہو گئے تھے۔
ایک مرتبہ ایک اسٹوڈنٹ نے کہا کہ سر خواب دیکھا ہے کہ آپ ہمارے گھر میں تشریف فرما ہیں، کھانا کھا رہے ہیں۔ میں نے کہا تعبیر مکمل کرنے کے لیے دعوت کا انتظام کریں۔ اور انہوں نے کیا تو خواب کی تعبیر مکمل ہو گئی۔ تو خواب کی تعبیر ایسے بھی پوری ہو جاتی ہے۔ ایک اور اسٹوڈنٹ نے کہا کہ سر خواب دیکھا کہ آپ کے گھر رات بطور مہمان رہا ہوں اور گھر میں بنا ہوا ناشتہ کیا ہے۔ یہ خواب بھی پورا ہو چکا لیکن اس اسٹوڈنٹ نہیں، بلکہ ایک اور کے حق میں۔ لہذا ایسے خواب دیکھنے کا فائدہ نہیں ہے۔