ایک دوست نے پوچھا ہے کہ اگر خواب میں گھوڑا دیکھے کہ جس نے اسے کاٹا ہو، جس سے اس کے جسم سے خون نکلے، اور وہ گھوڑا اس کے کندھوں پر سوار ہونے کی کوشش کر رہا ہو۔
جواب: اس گھوڑے سے مراد نفس کا منہ زور گھوڑا ہے جو خواب دیکھنے والے پر سوار ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ اور اس کے کاٹنے سے مراد نفس کا اس انسان کا نقصان کرنا ہے۔ خواب دیکھنے والے کو ضبط نفس (self-control) کی طرف توجہ دینی چاہیے ورنہ نفس زیادہ دینی اور روحانی نقصان کر سکتا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ گھوڑا سوار نہیں ہو پایا، ابھی صرف کوشش میں ہے تو اس کی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دے۔ اور نفس کا یہ غلبہ کسی ایک مسئلے میں بھی ہو سکتا ہے، ضروری نہیں کہ عمومی ہو۔ بعض اوقات انسان کی شخصیت کا ایک پہلو کمزور ہوتا ہے، اس کی طرف توجہ کرے۔
ایک اور دوست نے پوچھا ہے کہ اگر خواب میں یہ دیکھے کہ سمندر کے کنارے ہے، پانی بہت صاف ہے، اور بڑی بڑی مچھلیاں تیرتی ہوئی اس کی طرف آ رہی ہیں، جن سے یہ ڈر لگ رہا ہے کہ وہ کھا جائیں گی۔ اس کے بعد سین بدلتا ہے اور انسان کسی کیچڑ والی جگہ میں پہنچ جائے کہ جہاں تنگ گلیاں ہوں۔ جواب: بڑی مچھلی سے مراد غم ہے اور بعض غم ایسے ہوتے ہیں جو انسان کو کھا جاتے ہیں یعنی ختم کر دیتے ہیں۔ اور دو بڑی مچھلیوں سے مراد دو بڑے غم ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ انہوں نے خواب دیکھنے والے کو کھایا نہیں ہے تو دو بڑے غم نظر آئے لیکن پہنچے نہیں البتہ اس کے بدلے کچھ چھوٹی مصیبت آ گئی جیسے کیچڑ اور تنگ گلی۔ ایک اور دوست نے پوچھا کہ اور اگر خواب میں مچھلی پکڑے جیسے بڑی مچھلی تو کیا مراد ہے؟ جواب: اس سے مراد کہیں سے ایسا پرافٹ، فائدہ یا مال حاصل ہو گا کہ جس کی امید نہ تھی۔
دوست کا کہنا ہے کہ اگر خواب میں چھپکلی اور کتے نظر آئیں، اور کبھی چھپکلی کو مار دے اور کبھی کتے پیچھے لگے نظر آئیں،اور کبھی خواب میں ڈر بھی جائے۔ جواب: خواب میں چھپکلی سے مراد حاسد ہے جو انسان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ اور اگر چھپکلی کو مار دے تو اچھا ہے یعنی حاسد کا حسد اسے کچھ نقصان نہ پہنچا پایا۔ خواب میں کتوں کے پیچھے لگنے سے مراد شیاطین کا انسان کو تنگ کرنا ہے۔ یہ عموماً جادو ٹونے اور تعویذ گنڈے میں ہوتا ہے۔ چھپکلی تعویذ گنڈے کی بھی علامت ہے۔اور کتے جادو ٹونے کی بھی علامت ہیں جبکہ یہ جانور خواب میں بار بار آئیں، اور ان کے آنے سے خوف اور ڈر محسوس ہو۔ صبح شام شرعی دم سننے کااہتمام کریں اور گھر میں سورہ البقرۃ کی تلاوت لگائیں، یعنی ریکارڈنگ ایک مرتبہ روزانہ۔اور شرعی دم مجھ سے واٹس ایپ نمبر پر وصول کر لیں۔