ایک مجلس میں بیوی اپنے میاں کے بارے یہ شکایت کر رہی تھی کہ اگر میرا شوہر میری عزت کرنا شروع کر دے تو ہمارے سارے جھگڑے ختم ہو جائیں، سب مسئلے حل ہو جائیں۔ مجھے اپنے شوہر سے صرف عزت چاہیے عزت جبکہ یہ ہر وقت مجھ سے محبت جتلانے میں لگے رہتے ہیں۔ چونکہ عزت کرنے کے لیے درد سر لینی پڑتی ہے لہذا انہیں وہ دینا مشکل لگتی ہے۔ اور محبت کے دعووں پر پیسے نہیں لگتے لہذا انہیں یہ آسان لگتا ہے۔میں نے بیوی سے پوچھا کہ آپ کا خاوند آپ کو مارتا ہے؟ کہنے لگیں نہیں۔ میں نے دوسرا سوال کیا کہ آپ کا خاوند آپ کو گالی دیتا ہے؟ کہنے لگیں نہیں۔ میرے حساب میں اتنا کافی تھا کہ وہ خاوند اپنی بیوی کی عزت کرتا تھا لیکن پھر بھی میں نے تیسرا سوال کر دیا کہ کیا آپ جوائنٹ فیملی سسٹم میں رہتی ہیں؟ کہنے لگیں نہیں۔
اب میں نے خاوند سے پوچھا کہ آپ اس کی عزت کیوں نہیں کرتے؟ تو وہ کہنے لگا کہ میں نے تو اپنی بیوی کو یقین دلانے کے لیے کہ میں اس کی عزت کرتا ہوں، کچھ عرصہ سے یہ عادت بنا لی کہ اس کے گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے اس کے لیے گاڑی کا دروازہ کھولوں۔ اس پر بیوی نے کہا کہ وہ تو آپ لوگوں کو دکھانے کے لیے کرتے تھے۔ مجھے آپ سے ایسی عزت نہیں چاہیے۔ مجھے عزت دینی ہے تو تنہائی میں میری عزت کریں۔میں نے خاوند سے کہا کہ بھائی تم تنہائی میں اس کی عزت کیوں نہیں کرتے؟ تو وہ کہنے لگا میں نے کچھ عرصہ سے یہ عادت بنا لی ہے کہ گھر میں آؤں تو بیوی کے پاؤں دبایا کروں حالانکہ میں خود سارا دن گھر سے باہر گزار کر تھکا ہاراملازمت سے واپس آتا تھا لیکن اسے یہ کہہ کر تم آج گھر کے کام کاج سے بہت تھک گئی ہو گی، اس کی ٹانگیں دبانا شروع کر دیتا۔ اس پر بیوی نے کہا کہ مجھے آپ سے یہ والی عزت نہیں چاہیے، مجھے ”وہ“ والی عزت چاہیے۔
میں نے خاوند سے کہا کہ بھئی اسے ”وہ“ والی عزت دے دو جو یہ چاہتی ہے۔ اتنا کچھ تم نے کر لیا تو اب یہ کر لینے میں بھی کیا حرج ہے؟ خاوند نے کہا کہ ”وہ“ والی عزت سے ان کی مراد یہ ہے کہ غلطی میں کروں یا یہ کریں تو غلطی ہمیشہ میری کنسڈر ہو گی، اور معذرت بھی میں نے کرنی ہے اور منانا بھی میں نے ہے۔ بیوی نے کہا تو ٹھیک ہے ناں۔ صرف یہی تو ہم عورتوں کو مردوں سے چاہیے ہوتا ہے۔ شوہر نے کہا کہ اب میں صرف ان سے ایک سوال کرتا ہوں کہ ”عزت“ کا یہ معنی کون سی ڈکشنری میں لکھا ہوا ہے؟ سوال سنتے ہی بیوی چیخ پڑی، دیکھیں دیکھیں!یہ سارا دن مجھے ایسے ہی ذلیل کرتے رہتے ہیں۔