دوست کا سوال ہے کہ کیا کورونا کی وبا سے مرنے والا شہید ہے؟ جواب: صحیح بخاری کی ایک روایت میں آتا ہے کہ جو شخص طاعون کی وبا کی لپیٹ میں آ گیا لیکن وبا پھیلنے کے بعد وہ اپنے شہر میں ہی ٹھہرا رہا، صبر سے کام لیا، اور اس آزمائش پر اللہ سے اجر کی امید رکھی، اور تقدیر پر بھروسا کیا، تو ایسا شخص اگر اس وبا سے فوت ہو گیا تو اسے آخرت میں شہید کا اجر ملے گا۔ صحیح بخاری کی ایک اور روایت میں ہے کہ طاعون بندہ مومن کے لیے شہادت ہے۔
تو ان روایات کی روشنی میں کورونا کے بارے بھی یہی بات کہی جا سکتی ہے جو طاعون کے بارے احادیث میں مروی ہے بشرطیکہ مرنے والا مسلمان ہو، تقدیر کا فیصلہ سمجھ کر بیماری کو قبول کر لے، بیماری پر صبر کرے، اور آخرت میں اس آزمائش پر اجر کی امید بھی رکھے۔ تو محض کورونا سے مرنا شہادت نہیں ہے بلکہ ایمان وعمل کے ساتھ مرنا شہادت ہے۔