بہت سے دوست سوال کر رہے ہیں کہ انجینیئر محمد علی مرزا کی ایک ویڈیو بہت وائرل ہو رہی ہے کہ جس میں وہ صحیح مسلم کی ایک روایت بیان کر رہا ہے کہ اللہ کے رسول نے فرمایا کہ میرے صحابہ میں بارہ منافق ہیں کہ جن میں سے آٹھ جنت میں اس وقت تک داخل نہ ہوں گے جب تک کہ اونٹ سوئی کے ناکے سے نہ داخل ہو جائے اور وہ آٹھ پھوڑے کی بیماری سے مریں گے۔ اور اس روایت کے بیان کرنے کے بعد اشارتا کنایتا صحابہ پر طعن کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اب ان بارہ منافق صحابہ کے نام اپنے علمائے اہل سنت سے پوچھ لو لیکن وہ تمہیں بتلائیں گے نہیں۔
اس میں شک نہیں کہ صحیح مسلم کی جو روایت اس نے بیان کی ہے، وہ صحیح مسلم میں ایسے ہی موجود ہے کہ آپ نے ارشاد فرمایا:
لیکن اس کے فورا بعد صحیح مسلم ہی کی ایک اور روایت کے الفاظ ہیں:
صحیح مسلم کی پہلی روایت کہ جس میں فِي أَصْحَابِي کے الفاظ ہیں، کو اسود بن عامر نے شعبہ سے بیان کیا ہے۔ اور صحیح مسلم کی دوسری روایت کہ جس میں فِي أُمَّتِي کے الفاظ ہیں، کو غندر محمد بن جعفر نے شعبہ سے نقل کیا ہے۔ شعبہ کے بعد سند ایک ہی ہے۔
تو اب سوال یہ ہے کہ جب دو راویوں نے شعبہ سے روایت میں اختلاف کیا ہے تو ہمیں دیکھنا یہ ہے کہ کس راوی نے شعبہ کے بیان کو زیادہ محفوظ رکھا ہے۔ تو یہ واضح رہے کہ اسود بن عامر، شعبہ کے عام شاگردوں میں سے ایک ہیں جبکہ غندر محمد بن جعفر، شعبہ کے خاص ترین شاگرد ہیں۔ امام احمد بن حنبل کہتے ہیں کہ غندر نے بیس سال شعبہ سے علم حاصل کیا۔ امام عبد اللہ بن مبارک کہتے ہیں کہ اگر شعبہ سے روایت میں اختلاف ہو جائے تو غندر کی روایت کو فیصلہ کن سمجھو۔ اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ غندر، امام شعبہ کے ربیب ہیں یعنی ان کی بیوی کے بیٹے ہیں۔ دوسرا غندر کو یہ بھی ترجیح حاصل ہے کہ وہ احادیث لکھ لیتے ہیں بلکہ امام ذہبی کے بقول لکھنے میں أصح الناس كتابا تھے یعنی لوگوں میں سب سے زیادہ صحیح لکھنے والے۔ اور شعبہ سے انہوں نے بہت احادیث لکھی ہیں۔
تو اصلا صحیح مسلم کی روایت میں الفاظ فِي أُمَّتِي کے ہیں کہ آپ نے فرمایا کہ میری امت میں بارہ منافق ہیں۔ لیکن ہمیں سمجھ نہیں آتی کہ صحیح مسلم ہی کی اگلی روایت میں جب فِي أَصْحَابِي کی بجائے فِي أُمَّتِي کے الفاظ بھی ہیں تو اس اگلی روایت کو بیان بھی کرتے ہوئے انجینیئر محمد علی مرزا صاحب کے پیٹ میں درد اٹھتا ہے کیا ؟ پھر وہ کہتے ہیں کہ علماء خیانت کرتے ہیں! یہ علمی خیانت نہیں تو اور کیا ہے! یہ حدیثوں کو چھپانا نہیں تو اور کیا ہے! یا تو آپ دونوں احادیث بیان کریں ناں بلکہ اگلی تیسری بھی کہ جس سے آپ کا سارا مقدمہ دھڑام سے گر جاتا ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ ان دو روایات کے بعد صحیح مسلم کی اگلی روایت یہ ہے کہ وہ بارہ منافق، اصحاب عقبہ تھے۔
اصحاب عقبہ وہ ہیں جنہوں نے غزوہ تبوک سے واپسی پر رسول اللہ پر ایک گھاٹی میں حملہ کرنے کی کوشش کی تو رسول اللہ نے ان کے نام حضرت حذیفہ کو بتلا دیے تھے۔ ان اصحاب عقبہ کا ذکر سورہ التوبہ میں بھی ہے:
باقی اگر صحیح مسلم کی اس روایت کے بھی الفاظ لے لیں کہ جس میں فِي أَصْحَابِي کے الفاظ ہیں تو یہاں صحابی کا لفظ لغوی معنی میں استعمال ہوا ہے۔ اور قرآن اور حدیث میں اصحاب کا لفظ لغوی معنی میں کثرت سے استعمال ہوا ہے۔
اصحاب کا لفظ صاحب کی جمع ہے کہ جس کا لغوی معنی ساتھی ہے۔ تو آپ کے ساتھ دینے والوں میں منافق تھے، اس میں کیا شک ہے۔ تو صحابی کا ایک لغوی معنی ہے اور دوسرا اصطلاحی معنی ہے۔ لغوی معنی میں اس سے مراد صرف ساتھی ہے جیسا کہ قرآن مجید میں اہل جہنم کو اصحاب النار کہا گیا ہے یعنی جہنم کے ساتھی اور بیت اللہ پر حملہ کرنے والوں کو اصحاب الفیل کہا گیا ہے۔ اسی طرح صحیح مسلم کی روایت میں ہے کہ ایک منافق نے آپ پر مال غنیمت کی تقسیم میں عدل نہ کرنے کے حوالے سے تنقید کی تو حضرت عمر نے آپ سے اجازت چاہی کہ میں اس منافق کو قتل کر دوں تو آپ نے جواب میں کہا:
تو اس روایت میں بھی باء زیر بی کے ساتھ أَصْحَابِي کے الفاظ آئے ہیں کہ جن کے بارے آپ آگے یہ فرما رہے ہیں کہ یہ قرآن پڑھیں گے لیکن ان کے حلق سے نہیں اترے گا اور دین سے ایسے نکل جائیں گے جیسے کمان سے تیر۔ تو ان منافقین کو بھی آپ نے صحابی کہا ہے۔ تو یہاں روایت میں صحابی سے مراد صحابی اصطلاحا نہیں ہے کیونکہ اصطلاح تو بعد میں بنی ہے۔ اور اصطلاح میں صحابی سے مراد وہ شخص ہے کہ جس نے حالت ایمان میں آپ کو دیکھا اور حالت ایمان میں ہی اس کی وفات ہوئی ہو۔ اور منافق کی وفات تو حالت ایمان میں نہیں ہوتی لہذا وہ اصطلاحا صحابی نہیں ہے البتہ لغوی اعتبار سے صحابی ہے کہ بظاہر وہ آپ کے ساتھ تھا، کافروں کے ساتھ نہیں۔ تو صحابی کا اصطلاحی معنی تو بعد میں وضع ہوا ہے۔ پھر آپ کہتے ہیں کہ اہل سنت کے علماء سے ذرا ان کے نام تو پوچھنا۔ تو پہلی بات تو یہ ہے کہ ان کے نام اللہ کے رسول نے راز رکھے ہیں اور صرف حضرت حذیفہ کو بیان کیے ہیں۔ لیکن اگر آپ کو ان کے نام معلوم کرنے پر اصرار ہی ہے تو امام طبرانی نے ان کے نام بھی نقل کر دیے ہیں؛
اس کے بعد اشارے کنایوں سے جلیل القدر اور معروف صحابہ پر لعن طعن کرنے کی کیا تُک بنتی ہے! یہ تو مختصر سا عرض کر دیا، مزید تفصیل مستقل ویڈیو میں عرض کریں گے۔