تعارف

اصل نام محمد زبیر ہے۔ بعد میں تحریر میں حافظ محمد زبیر لکھنا شروع کر دیا۔ جب ڈاکٹریٹ مکمل ہو گئی تو اب ڈاکٹر حافظ محمد زبیر لکھتا ہوں۔ کبھی کبھی قلمی نام سے مضامین لکھتا ہوں جو کہ ابو الحسن علوی ہے۔ زمانہ طالب علم میں ابن تیمیہ رحمہ اللہ کی نسبت سے اپنے نام کے ساتھ 'تیمی' لگاتا تھا۔ میری اصل رہائش ضلع اٹک میں ہے۔ ۱۹۹۹ میں دینی تعلیم کے لیے لاہور آ گیا، اس وقت سے لاہور میں ہوں۔
دینی تعلیم میں تو فاضل درس نظامی ہوں جو کہ وفاق المدارس السلفیہ سے ہے۔ اور دنیاوی تعلیم میں پنجاب یونیورسٹی سے عربی اور سیاسیات میں ایم اے کیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب یونیورسٹی ہی سے علوم اسلامیہ میں پی ایچ ڈی مکمل کی ہے۔ تخصص اصول فقہ میں ہے۔ قرآن مجید کے بعد زیادہ تر مطالعہ اور رغبت اسی علم کی طرف رہی ہے۔
پیشے کے اعتبار سے استاذ ہوں لیکن اپنے آپ کو ریسرچرسمجھتا ہوں کیونکہ تعلیم وتعلم اور درس وتدریس سے زیادہ بحث وتحقیق اور لکھنے لکھانے میں وقت گزرتا ہے۔ آج کل کامساٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، لاہور میں ہیومینیٹیز ڈیپارٹمنٹ میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر کام کر رہا ہوں۔
پہلی باقاعدہ جاب جامعہ رحمانیہ میں بطور استاذ کے تھی۔ اس کے بعد قرآن اکیڈمی لاہور میں بطور ریسرچ ایسوسی ایٹ جاب کی، جس میں تدریس اور تحقیق دونوں ذمہ داریاں تھیں۔ یہ جاب دسمبر ۲۰۰۴ سے فروری ۲۰۱۲ تک رہی۔ اس کے بعد مارچ ۲۰۱۲ سے مئی ۲۰۱۲ تک یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ علوم اسلامیہ میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر جاب کی۔ اگست ۲۰۱۲ سے تاحال کامساٹس لاہور میں ہوں۔ زیادہ تر وقت بحث وتحقیق میں گزرتا ہے۔ دوسرے نمبر پر درس وتدریس کا کام ہے۔ اور تیسرے مرحلے میں دعوت وتبلیغ کی کچھ سرگرمیاں ہیں۔

مزید تفصیلات کے لئے اس لنک پہ رجوع کریں